محکمہ اسکولزایجوکیشن پنجاب نے موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

 نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 18 دسمبر تا یکم جنوری تک ہوں گی، 2 جنوری 2024 سے تمام اسکول معمول کے مطابق کھل جائیں گے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم دسمبر2023ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ اسکولزایجوکیشن پنجاب نے موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب نے موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 18 دسمبر سے شروع ہوں گی، اور تمام اسکولز موسم سرما کی تعطیلات کے باعث یکم جنوری تک بند رہیں گے، چھٹیوں کے بعد پنجاب بھر کے اسکول 2 جنوری سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔

یاد رہے گزشتہ روز پنجاب میں اسموگ سے متعلق نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں ایئرکوالٹی انڈیکس بہتر ہونے پر پنجاب میں اسموگ پابندی ختم کردی گئی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ بارش کے بعد ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ موسم سرما کی تعطیلات 18 دسمبر 2023 سے یکم جنوری 2024 تک ہوں گی۔

مزید برآں صوبہ سندھ میں موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں 22 سے 31 دسمبر تک تعطیلات ہوں گی، موسم سرما کی تعطیلات کا اطلاق سندھ کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا، محکمے کی سالانہ اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت تعطیلات کی جارہی ہیں، کراچی سمیت سندھ بھرمیں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے یکم جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے رواں موسم سرما میں معمول یا معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں، ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، ملک کے مغربی اور شمال مغربی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش متوقع ہے، بلوچستان، خیبرپختونخوا میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، بالائی پنجاب اور کشمیر میں معمول سے قدرے زیادہ بارش ہوگی، جنوب مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخواہ میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں بھی معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کی توقع ہے، رواں مہینے شمال مغربی خیبر پختونخواہ میں معمول سے قدرے زیدہ بارشیں ہوں گی جبکہ اونچے پہاڑوں پر برف باری ہوسکتی ہے۔


Comments